Hazrat Ali (R.A.) kay Fazail-O-Manaqib aur Yome Wafat(part 1)/HISTORICAL PERSONALITIES

The Mosque, Ramadan, Fasting, Indonesian

حضرت علؓی کے فضائل و مناقب اور یوم وفات

اللہ تعالیٰ کے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا اعلان نبوت اور جناب علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کا اعلان ایمان ہم عمر ہیں۔ یوں کہہ لیں کہ مذہب اسلام سے حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کا تعلق صدیوں پر محیط ہے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی سیرت مبارکہ کو افراط و تفریط کے ترازو میں بانٹنے کی بجائے اگر اعتدال سے لکھا اور بیان کیا جائے تودور حاضر میں پروان چڑھتی فرقہ واریت اور تشدد کافی حد تک کنٹرول ہو سکتی ہے۔ اس نیک جذبے کے پیش نظر آنجناب رضی اللہ عنہ کی سیرت کے چند پھول چنے ہیں۔

ولادت
صحیح بخاری کے مشہور شارح علامہ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ نے الاصابہ فی تمییز الصحابہ میں لکھا ہے کہ آپ کی ولادت مکۃ المکرمہ کی مشہور وادی شعب بنی ہاشم میں ہوئی۔ صحیح مسلم کے معروف شارح امام نووی قصہ ذی قرد کے تحت لکھتے ہیں کہ جن دنوں آپ رضی اللہ عنہ کی ولادت ہوئی آپ کے والد گرامی جناب ابو طالب اس وقت گھر میں موجود نہیں تھے بلکہ کسی سفر پر تھے آپ کی والدہ محترمہ فاطمہ بنت اسد نے آپ کا نام اپنے والد کے نام پر اسد رکھا۔ جب خواجہ ابو طالب واپس تشریف لائے تو انہوں نے آپ کا نام ’’علی‘‘ رکھا۔

نام و نسب اور القاب
نام :علی بن ابی طالب۔ کنیت :ابو الحسن ، ابو تراب۔ القاب : اسد اللہ ، حیدر اور المرتضیٰ

خاندانی پس منظر
مشہور مورخ امام ابن کثیر نے اپنی مشہور زمانہ کتاب البدایہ والنہایہ میں لکھا ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ خاندان بنو ہاشم کے چشم و چراغ ہیں ، اور بنو ہاشم سرداران مکہ میں ممتاز حیثیت رکھتے تھے۔ حرم کعبہ کی جملہ خدمات ، چاہ زمزم کے انتظامی معاملات ، حجاج کرام کی مہمان نوازی ، ان کا اعزاز و اکرام اور معاونت کرنا بنو ہاشم کا طغرہ امتیاز تھا۔

خاندان
والد: عبدمناف کنیت ابو طالب والدہ:فاطمہ بنت اسد برادران : طالب، عقیل اور جعفر طیار ہمشیرگان: ام ہانی ، جمانہ

ازدواجی زندگی
1:حضرت فاطمہ بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ان سے حضرت حسن، حضرت حسین، حضرت زینب الکبریٰ اور ام کلثوم رضی اللہ عنہم پیدا ہوئیں۔
حضرت ام کلثوم کا نکاح حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے ہوا۔
نوٹ:بعض روایات میں تیسرے صاحبزادے حضرت محسن رضی اللہ عنہ کا نام بھی ملتا ہے۔

دیگر ازواج اور اولاد
حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ نے حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کے علاوہ مختلف اوقات میں کئی نکاح فرمائے اور ان سے اولادیں بھی ہوئیں۔
1:ام البنین بنت حذام:ان سے عباس ، جعفر ، عبداللہ اور عثمان
2:لیلیٰ بنت مسعود :ان سے عبیداللہ اور ابوبکر
3: اسماء بنت عمیس :ان سے محمد اصغر اور یحیٰ
4:صہباء بنت ربیعہ :ان سے عمر اور رقیہ
5:امامہ بنت ابی العاص :ان سے محمد اوسط
6:خولہ بنت جعفر :ان سے محمد بن حنفیہ
7: سعید بنت عروہ :ان سے ام الحسن ، رملۃ الکبریٰ اور ام کلثوم۔
نوٹ:یاد رہے کہ بیک وقت چار سے زائد نکاح نہیں فرمائے۔

قبول اسلام
اسلام لانے میں سبقت کرنے کے مسئلہ پر سب سے راجح ترین تحقیق وہ ہے جسے امام ابن کثیر رحمہ اللہ نے البدایہ و النہایہ میں امام اعظم ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے حوالے سے نقل کیا ہے :آزاد مردوں میں سیدنا ابو بکر صدیق ، خواتین میں ام المومنین زوجہ رسول سیدہ خدیجہ الکبریٰ ، غلاموں میں زید بن حارثہ اور نوجوانوں میں علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہم سب سے پہلے ایمان لائے۔مکہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی گھریلو تربیت میں آپ رضی اللہ عنہ پروان چڑھتے رہے گلستان نبوت میں کھلے اس گل کی ہر پتی سے بوئے نبوت مہک رہی ہے یہی وجہ ہے کہ آپ رضی اللہ عنہ کی عادات ، اخلاق ، اقوال و افعال میں نبوی تربیت میں ڈھلے ہوئے تھے۔

مکی زندگی
اس میں اہل اسلام کے حالات اس قدر ناموافق ، خطرناک اور دشوار گزار تھے کہ آج یہ لفظ ابتلاء ، آزمائش اور امتحان کا استعارہ بن چکا ہے مشرکین مکہ دعوت اسلام کے پھیلاؤ سے بری طرح خائف اور پریشان تھے۔ ان حالات کی منظر کشی اور اسباب ہجرت بیان کرتے ہوئے امام ابن کثیر البدایہ والنہایہ میں لکھتے ہیں : قریش اپنی مخالفانہ کوششوں کے سلسلے میں آپس میں مشورہ کر رہے تھے بعض کی رائے یہ تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب کو قید کر دیا جائے۔ جبکہ بعض یہ کہتے تھے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب کو دیس نکالا دیا جائے اور بعض کا مشورہ یہ بھی تھا کہ سارے قبائل مل کر یکبارگی حملہ کر کے آپ کو قتل کردیں۔سیرت حلبیہ میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو سازشوں کی اطلاع فرما دی اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو سفر کے انتظامات کرنے کاحکم دیا اور جناب علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو حکم فرمایا: آپ میرے بستر پر لیٹ جانا۔ اور کچھ وقت کے لیے مکہ میں ہی ٹھہرنا اور لوگوں کی امانتیں ان تک پہنچادینا اس کے بعد مدینہ طیبہ پہنچ جانا۔
امام اابن سعد رحمہ اللہ نے طبقات میں لکھا ہے کہ سیدنا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے مطابق لوگوں کی امانتیں حوالے کر کے 13 بعثت نبوی ربیع الاول کے وسط میں مدینہ طیبہ تشریف لے گئے اور مقام قباء پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے۔

مدینہ طیبہ میں
مکہ مکرمہ سے ہجرت کر کے حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ مدینہ طیبہ تشریف لائے تو یہاں ہر لمحہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت سے فیض یاب ہوتے رہے۔ صحابہ کرام جب ہجرت کر کے مدینہ آئے تو ان کے پاس رہنے کے لیے مکان ، پہننے کے لیے نئے لباس اور کھانے کے لیے خوراک کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ اس وجہ اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مہاجرین و انصار کے درمیان مواخات کا تعلق قائم کرایا۔ تاکہ انصار مدینہ اپنے مہاجر بھائیوں کی ہر ممکن امداد کر سکیں۔ اس موقع پر سیرت نگاروں نے بہت تفصیل سے لکھا ہے کہ کس مہاجر کی کس انصاری سے مواخات قائم ہوئی ؟ امام ترمذی رحمہ اللہ نے اپنی جامع میں مناقب علی بن ابی طالب کے تحت لکھا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو فرمایا :آپ دنیا اور آخرت میں میرے بھائی ہیں۔

غزوہ بدر میں
2 ہجری 17 رمضان المبارک کو بدر کے مقام پر کفر و اسلام کا پہلا معرکہ لڑا گیا۔ جس میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے غلبے کے وعدے شامل حال رہے۔ امام ابن کثیر نے البدایہ والنہایہ میں لکھا ہے کہ کفار قریش کی طرف سے عتبہ بن ربیعہ، شیبہ بن ربیعہ، ولید بن عتبہ میدان میں آئے۔ ان کے مقابلے میں پہلے چند انصاری نوجوان آئے۔ کفار نے کہا کہ ہم اپنے مدمقابل قریشیوں سے لڑیں گے۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے چچا حضرت حمزہ، چچازاد حضرت عبیدہ بن حارث اور اپنے چچازاد حضرت علی بن ابی طالب کو رزمگاہ میں کودنے کو کہا۔ حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ نے شیبہ کو اور حضرت علی رضی اللہ عنہ نے عتبہ کو موت کے گھاٹ اتارا،اس کے بعد آپ نے نضیر بن حارث کو بھی تہ تیغ کیا۔جبکہ حضرت عبیدہ رضی اللہ عنہ جانبازی سے لڑتے ہوئے شہادت کا جام پی گئے۔ اسلام کے اس عظیم معرکہ میں مہاجرین کا جھنڈا جناب علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے ہاتھوں میں تھا۔جنگ بدر کی غنیمت جب تقسیم ہونے لگی تو حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو ایک اونٹنی ، ایک اعلی تلوار جسے ذوالفقار کہا جاتا ہے(یہ تلوار پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے لیے پسند فرمائی تھی لیکن بعد میں آپ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو عنایت فرما دی)

پارٹ ٢ کے لے اس لنک پر کلک کرے 
https://urdufactsoflife.blogspot.com/2020/05/hazrat-ali-ra-kay-fazail-o-manaqib-aur_17.html

Post a Comment

0 Comments