Haq Kay Rasty pa Dattay Rehna Chahye/URDU LINES


مسافر کا گھسا ہوا جوتا اس بات کی علامت ہے کہ سفرکتنا طویل تھااور ایسا ممکن نہیں کہ یہ کسی بھی طرح کا سفر ہو اور اس میں رُکاوٹیں نہ ہوں،خیرکا سفر ، مخلوق کی بھلائی کا سفر اور دوسروں کوآسانیاں دینے کا سفر مشکلات سے بھرا ہوتا ہے۔ان مشکلات میں کا م کا مشکل ہونا ، ہمت کا کم زیادہ ہونا اوروسائل کی کمی نہ ہونے سے بڑھ کر زیادہ مشکل حاسدین اور مخالفین کا سامنا کرناہوتا ہے ۔

Dove, Hand, Trust, God, Pray, Prayer

 آپ میں سے جس کے بھی زندگی کے کم از کم دس پیشہ ورانہ سال گزرچکے ہیں وہ اس حقیقت کو مانے گا کہ کام کرنے کے لیے آپ کو کام آنے کے ساتھ ساتھ لیڈرشپ کی صلاحیت ہونے کے باوجود اوردرست سمت فیصلوں کے فن کی واقفیت کے ساتھ ساتھ مخالفین ،افواہ پھیلانے والے ، مکر وفریب کا جال پھیلانے والے ،شرارت و پروپیگنڈا کرنے والوں کی آزمائشوں سے ضرور گزر نا ہوتا ہے۔میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو اللہ کی بے شمار عنایات کے ساتھ ساتھ ،مختلف طرح کے امتحان ،مشکلات اور مصائب زندگی میں ساتھ ساتھ چلتے رہے ہیں۔آج سے دو سال پہلے میں اسی طرح کسی تکلیف کا سامنا کررہا تھا۔ ہمارے ملک کے معرو ف عالم دین جنہوں نے بہت سے لوگوں کی زندگیاں بدلیں ، ان کی مجھے کال آئی ۔خیر خیریت دریافت کی ۔میں نے اپنی عرضی پیش کی کہ کچھ اس طرح کے معاملات کا میں سامنا کررہا ہوں ۔انہوں نے کہا:آپ ڈٹے رہیں ،ہمت مت ہاریں ،اللہ آپ کی مدد کرے گا لیکن قرآن پاک کی سورۃ الانعام آیت نمبر 123کو ضرور پڑھیے گا ،اس کو سمجھیے گا اور کبھی آپ زندگی میں اس طرح کے حالات کا سامنا کریں تو اسی آیت کے ترجمے اور مفہوم کو دہرالیجیے گا یا کسی کو کہیے گا کہ وہ یہ آیت آپ کو پڑھ کر سنا دے ۔آپ کو تقویت ملے گی ۔آپ کا دِل بڑا ہوجائے گا۔اس آیت کا ترجمہ کچھ اس طرح سے ہے۔
"اور اسی طرح ہر بستی میں ہم نے گناہگاروں کے سردار بنا دیے ہیں تاکہ وہاں اپنے مکر و فریب کا جال پھیلائیں، حالانکہ وہ اپنے فریب کے جال میں آپ پھنستے ہیں مگر وہ سمجھتے نہیں۔"
(تراجم بے شمار ہیں ۔میں جب بھی قرآن پاک کی کسی آیت پر غور وخوض کرنا چاہتا ہوں تو کم از کم 3تراجم ضرور دیکھتا ہوں۔)
میں ا س آیت کو جب بھی دہراتا ہوں یا کسی کو کہتا ہوں کہ مجھے پڑھ کر سنادے تو میری ہمت بڑھ جاتی ہے ۔خیر کے رستے پر آزمائشیں آتی ہیں ۔اللہ اپنے بندوں کو حالات کی تنگی ،مخالفین کی شرارتوں اور پروپیگنڈے،الزام تراشیوں کے ذریعے آزماتا ہے اور آپ کا برا چاہنے والا دراصل اپنا ہی برا کررہا ہوتا ہے ۔میں یہاں اس یاد کو بھی تازہ کردوں کہ آپ اپنے اِردگرد کےمحبت کرنے والے لوگوں کو یہ ضرور سکھائیں اور بتائیں کہ وہ آپ کے یاکسی کے بھی مشکل وقت میں ڈھارس باندھنے کے روایتی جملوں کے بجائے قرآن کریم کی اس خوبصورت آیت کی یاددہانی کروادے۔ہر آیت ہی ہمت بڑھاتی ہے لیکن کچھ آیات کی خوبصورتی اور مفہوم کو جاننے کے بعد آپ کی آنکھوں میں فقط نمی ہوتی ہے۔جیسے کہ 
(1)ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے ۔(سورۃ الم نشرح:5)
(2)اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے۔(سورۃ البقرۃ:153)
(3)اللہ بڑا قدردان ہے۔(سورۃ النساء:147)
(4)اللہ احسان کرنے والوں کا اجر ضائع نہیں کرتا۔(سورۃ التوبہ:120)
یہ میرے دل کے جذبات تھے جو میں نے آپ کے ساتھ شیئر کردیے۔بہت شکریہ

Post a Comment

0 Comments